جمیل احمد
May 02, 2021

ESTJ آپ کو مینیجر یا منتظم کہا جا سکتا ہےکیونکہ آپ پریکٹیکل اور  مستقل مزاج  ہیں۔ آپ ہر کام میں  منصوبہ بندی اور ترتیب کو پسند کرتے ہیں۔ لیکن، آپ لوگوں کو اپنی بات  پر قائل کرنا چاہتے ہیں۔آپ چاہتے ہیں کہ لوگ بھی آپ کی طرح سوچیں۔ آپ حقائق پر انحصار کرتے ہیں۔آپ بات چیت ، نئے لوگوں سے میل جول ، اور تقریبات میں جانے میں خوشی محسوس کرتے  ہیں۔ آپ اپنے قریبی لوگوں کا خیال رکھنا کبھی نہیں بھولتے اور اپنی محبت کا  اظہار بخوبی کرسکتے ہیں۔

ENTJ – آپ کو کمانڈرکہا جا سکتا ہے۔آپ کے لئے زندگی ایک جدوجہد کی طرح ہے۔ خطرہ مول لینے اور بہادر ہونے کی وجہ سےآپ آسانی سے کوئی  نیا کام شروع کر سکتے  ہیں۔ آپ اپنی صلاحیتوں ، خوبیوں اور خامیوں کا اکثر و بیشتر  جائزہ لیتے ہیں۔آپ کو نئے رجحانات بہت اچھے لگتے ہیں۔ آپ مثبت سوچتے ہیں اور کھیل اور اس سے جڑی ہوئی چیزوں  کو پسند کرتے ہیں۔

ESFJ – آپ کو ٹیچرکہا جا سکتا ہے۔آپ لوگوں کے ساتھ رہنا سیکھ جاتے  ہیں ، اور آپ کسی بھی تقریب کی جان  ہوتے ہیں۔ آپ توجہ دینے اور خیال رکھنے  والے ہیں، دوسروں کی  مدد کے لئے ہمیشہ تیار رہتے ہیں ، چاہے آپ کو اپنے ذاتی مفادات کی قربانی کیوں نہ دینا پڑے۔پھر بھی آپ اپنے معاملات میں بہت آزاد ہیں اور ، عموماً کسی  کی مدد کے بغیر سب کچھ کر لیتے ہیں۔ صرف آپ کو  اپنے قریبی لوگوں کی جذباتی حمایت درکار ہوتی ہے۔

ESTP – آپ کو مارشل کہا جا سکتا ہے۔ آپ کسی بھی طرح اپنے مقاصد حاصل  کی کوشش کرتے ہیں ، چاہے  آپ کو جسمانی طاقت ہی کیوں نہ استعمال کرنا پڑے۔ آپ منصوبے پرٹھیک ٹھیک عمل کرتے  ہیں ، اور کسی پر انحصار اور سمجھوتہ برداشت نہیں کرسکتے۔آپ پیدائشی طور پر  جنگجو طبیعت کے مالک ، بہت متحرک اور منظم ہیں۔ آپ مشکل  صورتحال کا جائزہ لے کراس کا فوری اور مناسب  جواب دے سکتے ہیں۔

ENFJ – آپ کومینٹور یا مربی  کہا جا سکتا ہے۔آپ چہرے کے بھرپور تاثرات اور حرکات و سکنات کی مدد  سے جذباتی انداز میں  بات کر سکتے  ہیں۔ آپ دوسرے لوگوں کے جذبات کا خیال رکھنے والے  ہیں۔آپ معمولی سی خود غرضی کو بھی محسوس کر  سکتے ہیں۔ آپ محبت کے رشتوں  میں بے حد شکی  ہیں اور اس معاملے میں بھروسہ نہیں کرتے۔ پیشگی محسوس کرنے کی صلاحیت  کی وجہ سے اکثر آپ آنے والے واقعات کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہوجاتے ہیں۔

ENTP – آپ کو انوینٹر یا موجد کہا جا سکتا ہے۔آپ ہمیشہ کچھ نیا تخلیق کرنے  کی کوشش میں لگے رہتے ہیں۔ آپ خود کو غیر مانوس ماحول میں آسانی سے ڈھال لیتے ہیں اور کام کے مختلف طریقوں پر  آسانی سے عبور  حاصل کرلیتے ہیں۔ روایات اور روٹین  ناپسند کرنے کی وجہ سے ، آپ اکثر اپنے پیشے  اور مشاغل تبدیل کرتے رہتے  ہیں۔ آپ نہ صرف نئے آئیڈیا زتشکیل دے سکتے ہیں بلکہ انھیں دوسروں کو سمجھانے اور عملی  شکل  دینے کے اہل بھی ہیں۔

ESFP آپ کو سیاست دان کہا جا سکتا ہے۔آپ اپنے آس پاس کے مواقع کو خاصے پیشہ ورانہ انداز میں دیکھ سکتے  ہیں ، اور آپ کے اندر لوگوںمیں  جوڑ توڑ کی مہارت بھی ہے۔ لوگوں سے بات چیت میں ، آپ بنیادی طور پر اپنے ذاتی مفادات کو مد نظر رکھتے  ہیں۔ تاہم ، آپ سب کو متاثر کرنے اور اپنے بارے میں ایک عام آدمی کا تاثر  بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔آپ موجودہ وقت پر گہری نظر رکھتے ہیں ، اور اپنا وقت ضائع کرنا پسند نہیں کرتے ۔ آپ بیوروکریسی اور سرخ فیتے کو ناپسند کرتے ہیں اور کاموں کے  فوری نتائج چاہتے ہیں۔

ENFP –آپ کو  چیمپئن کہا جا سکتا ہے۔آپ انتہائی واضح تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ متحرک اور جستجو کرنے والی شخصیت ہیں۔آپ  نہ صرف لوگوں کے ساتھ آسانی سےگھل  مل جاتے ہیں بلکہ دوسروں کے بارے میں  ہمدردی کے بہت اچھے جذبات بھی رکھتے ہیں۔ آپ بہت اچھے مشورے دے سکتے ہیں۔آپ زندگی کو اس کے تمام ترامکانات اور تنوع کے ساتھ دیکھتے  ہیں۔ آپ بہت ہی عمدہ تخیل اور ایک بہت ہی اعلی آئی کیو کے مالک ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ جلد دوسروں سے ہم آہنگی پیدا کرنےاورتیزی سے بدلتے ہوئے ماحول میں بھی توازن برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

INFP – آپ کو درد دل کی دوا کرنے والا کہا جا سکتا ہے۔ایک گیت نگار اور خواب دیکھنے والےکے طور پر ، اندرونی ہم آہنگی اور اپنے آپ سے مضبوط تعلق آپ کے لیے اولیت رکھتا ہے۔ آپ کی زیادہ تر سوچیں آپ کے اندر بہت گہری ہوجاتی ہیں۔ بہر حال ، آپ واقعات کا اندازہ لگانے اور لوگوں کو اچھی طرح سمجھنے کی صلاحیت رکھتے  ہیں۔آپ ہر حال میں اچھا لباس پہننے اور اچھا نظر آنے کی کوشش کرتے ہیں۔ آپ رقم خرچ کرنے وقت  زیادہ محتاط نہیں رہتے، اور اکثر وقت اور حقائق  کا احساس کھو دیتے ہیں۔

ISFP – آپ کو کمپوزرکہا جا سکتا ہے۔آپ معمولی چیزوں میں بھی آسانی سے خوشی ڈھونڈ سکتے ہیں اور معمولات میں یکسانیت  کو آسانی سے ہینڈل کرسکتے ہیں۔ آپ چاہتے ہیں کہ لوگ آپ کی ضرورت محسوس کریں ، یہی وجہ ہے کہ آپ ہمیشہ دوسرے لوگوں کی مدد کرتے ہیں لیکن ان کے معاملات  میں کبھی بے جا مداخلت نہیں کرتے ۔ آپ الجھنوں اور تنازعات کا مقابلہ آسانی سے  نہیں کرسکتے  ، البتہ  لوگوں کو خوش رکھنے کی کوشش کرتے  ہیں۔آپ بہت ہی عاجز ، پریکٹیکل،خیال رکھنے والے ،نرم خو ، قابل اعتماد ، اور وفادار ساتھی ہیں۔ آپ اپنے حال میں خوش رہتے ہیں ،اورکبھی بھی قیادت  کرنے اور جوڑتوڑ کرنے کی کوشش نہیں کرتے ۔

INTP – آپ کو آرکیٹکٹ یا معمار کہا جا سکتا ہے۔آپ مطالعہ کے بے حد شوقین اورفلسفیانہ طبیعت کے مالک ہیں۔آپ کو کھل کر  اظہار کرنا پسند نہیں۔ آپ ہمیشہ جذبات کو پر سکون رکھنے اور خود کو آرام پہنچانے  کی کوشش کرتے ہیں۔ آپ ماضی ، حال اور مستقبل کا اچھی طرح جائزہ لے کر  فیصلے کرنے کو ترجیح دیتے  ہیں۔آپ تبدیلیوں کے بارے میں بہت حساس ہیں ، اور انہیں آسانی سے قبول نہیں کرتے۔ آپ ہمیشہ حقائق ، افکار اور نظریات کی تلاش میں ہوتے  ہیں ،اسی وجہ سے آپ اکثر تناؤ کا شکار رہتے ہیں۔

INFJ – آپ کو ایڈوائزر یا مشیرکہا جا سکتا ہے۔آپ لوگوں اور ان کےدرمیان  تعلقات  کوبہت اچھی طرح  محسوس  کر سکتے ہیں۔ آپ آسانی سے لوگوں کے مزاج اور ان کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو پہچان سکتے  ہیں ، یہی وجہ ہے کہ لوگ آپ سے صلاح مشورہ کرتے ہیں۔ تاہم ، آپ لوگوں کے جارحانہ انداز اور محبت میں کمی کے اظہار کا مقابلہ نہیں کرسکتے ۔آپ اپنے وجدان پر زیادہ انحصار کرتے ہیں جس کا مرکز زیادہ تر آپ خود ہوتے ہیں۔ اس طرح کے لوگ مسلسل سیکھتے رہتے ہیں اور اپنی  ذاتی اور پیشہ ورانہ نشو و نما کو بڑی اہمیت دیتے ہیں۔ اپنے آپ کو جاننے کے ذریعے ، آپ دوسروں کی مدد بھی کرتے ہیں۔

INTJ – آپ کو حوصلہ بڑھانے والا کہا جا سکتا ہے۔آپ کے اندر کی دنیا بڑی وسیع اور زبردست ہے  جہاں سے آپ کو کمال کے  آئیڈیاز  ملتے ہیں۔ آپ خوب سے خوب تر کی تلاش میں رہتے ہیں  اور ہر چیز اور ہر ایک کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔تاہم ، لوگوں سے تعلقات میں آپ کو کچھ مشکلات پیش آتی ہیں ۔شاید  اپنی آزادی کا مظاہرہ کرنے کے لئے اکثر جان بوجھ کرآپ  دوسروں سے دور رہنے کی کوشش کرتے  ہیں۔ آپ ترجیحات کا تعین اور اپنے وجدان  پر بھروسہ کرسکتے ہیں۔

ISFJ – آپ کو پروٹیکٹریا محافظ کہا جا سکتا ہے۔آپ رشتوں میں جھوٹ ،دھوکے اور منافقت کے ساتھ کھڑے نہیں رہ سکتے۔ اس لحاظ سے آپ بعض لوگوں کو "اجنبی" کی فہرست میں ڈال کر انہیں ذرا  فاصلے پر رکھتے ہیں۔ اپنے طے کردہ دائرے میں موجود لوگوں کے لیے آپ کچھ بھی کرسکتے ہیں اور بدلے میں ان سے کچھ نہیں مانگتے۔آپ اپنے قول و فعل  میں  بہت محتاط رہتے ہیں۔ چونکہ  آپ کا بنیادی مقصد لوگوں کی مدد کرنا اور انھیں خوش دیکھنا ہے، لہٰذا آپ ہمیشہ مہربانی سے پیش آتے ہیں اور ان کا خیال رکھتے ہیں۔

ISTP – آپ ٹیکنیکل ذہن کے مالک اور اپنا کام خود  کرنے والے ہیں۔ آپ سمجھتے ہیں کہ ایک مرتبہ غلط کام کرنے سے دو مرتبہ پیمائش کر نا زیادہ بہتر ہے، اسی لیے آپ  فیصلے کرنے میں جلدی نہیں کرتے ۔ تاہم ، آپ ہمیشہ ڈیڈ لائن کا خیال رکھتے ہیں اور فطری طور پر وقت کے بہت  پابند ہیں۔ آپ اپنے  احساسات کے ذریعے دنیا کو سمجھنے کی کوشش کرتے  ہیں ، اور اپنے  آس پاس ہونے والی چیزوں کے بارے میں ایک  مخصوص رائے رکھتے ہیں۔ فطری طور پر  آپ بات چیت کو پسند  کرتے ہیں ، لیکن جہاں آپ کو خلوص نظر نہ آئے وہاں  گھلنا ملنا پسند نہیں کرتے۔

ISTJ – آپ کو انسپکٹرکہا جا سکتا ہے۔بہت گہری سوچ بچار کرنے والا اور ذمہ دار۔ آپ قابل اعتماد شخص ہیں ۔آپ کبھی بھی چیزوں کو اس طرح نہیں دیکھتے جیسی وہ نظر آتی ہیں  ،بلکہ ان کے بارے میں  معلومات کا تجزیہ کرتے ہیں۔ آپ کو طویل مدتی تعلقات میں دلچسپی نہیں ہوتی  بلکہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں  کے دوران ،آفیشل  رابطے ہی کو ترجیح دیتے ہیں۔ آپ کوحتمی نتیجے میں زیادہ دلچسپی ہوتی ہے۔آپ کو سختی اور ترتیب  پسند ہے ، اور آپ بہت باریک تفصیلات کا بھی خیال رکھتے  ہیں۔ آپ کو خوابوں سے کوئی غرض نہیں ، بلکہ کیا ہو رہا ہے،کب ہو رہا ہے  اور کہاں ہو رہا ہے، یہ آپ کے لیے اہم ہے۔